وائناڈ، 30/اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی) کیرالہ کے وائناڈ پارلیمانی حلقے کے ضمنی انتخابات کے سلسلے میں جاری سرگرمیوں کے دوران کانگریس کی امیدوار پرینکا گاندھی نے آج مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے اجلاسوں میں شرکت کی اور عوام سے ملاقاتیں کیں۔ پرینکا گاندھی کو لوگوں کی جانب سے زبردست محبت ملی، جس کا ذکر انہوں نے اپنے 'ایکس' ہینڈل پر کیا۔ انہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا، "آپ کی محبت اور گرمجوشی نے وائناڈ کو میرے لیے ایک گھر جیسا بنا دیا ہے، جو میرے دل کو بہت متاثر کرتا ہے۔"
پرینکا گاندھی نے اپنے پوسٹ میں لوگوں سے بے پناہ اپنائیت کا اظہار کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے مسائل اٹھانے کا عزم بھی ظاہر کیا۔ انھوں نے لکھا ہے کہ ’’انتخابی تشہیر کے دوران میں آپ سبھی کی باتیں سن رہی ہوں۔ کسان، نوجوان، خواتین، سماجی کارکنان سبھی کی داستان اور سبھی کی فکر سن رہی ہوں۔ میں آپ کو بتانا چاہتی ہوں کہ میں ان مسائل کو اٹھانے اور آپ کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے پوری طرح سے پرعزم ہوں، تاکہ ہم سبھی جس تبدیلی کی امید کرتے ہیں اسے شرمندۂ تعبیر کر سکیں۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ پرینکا گاندھی نے وائناڈ کے کچھ اہم علاقوں میں انتخابی اجلاس سے خطاب کیا اور لوگوں سے کہا کہ وہ ہر مشکل میں ان کے ساتھ کھڑی رہیں گی۔ چنگتھارا علاقہ میں ایک انتخابی جلسہ کے دوران تقریر کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ’’میرے لیے اس سے بڑا کوئی اعزاز نہیں ہے کہ پارلیمنٹ میں آپ (وائناڈ والوں) کی نمائندگی کروں۔ آپ مجھ میں ایک جنگجو دیکھیں گے؛ اگر آپ مجھے سپورٹ کریں گے اور اپنا رکن پارلیمنٹ منتخب کریں گے تو میں وعدہ کرتی ہوں کہ آپ کو مایوس نہیں کروں گی۔ ہر جگہ، ہر پلیٹ فارم پر آپ کی آواز بلند کروں گی۔‘‘
پرینکا گاندھی اپنی تقریر کے دوران وائناڈ میں پیش آئے لینڈ سلائڈ کے واقعہ کا بھی تذکرہ کرتی ہیں۔ وہ کہتی ہیں کہ ’’جب وائناڈ میں قدرتی آفتی آئی تو کئی لوگوں کی روزی روٹی چلی گئی، کئی خاندان اپنے فرد سے محروم ہو گئے۔ وزیر اعظم یہاں کا دورہ کرتے ہیں، متاثرین سے ملاقات کرتے ہیں، لیکن مہینوں تک امدادی فنڈ جاری نہیں کیا جاتا۔ کئی لوگ اب بھی معاوضہ کے انتظار میں ہیں تاکہ زندگی دوبارہ معمول پر آ سکے۔‘‘